بنگلورو،27؍دسمبر(ایس اونیوز) پولیس فورس کو دیانتداری اور پابندی کے ساتھ کام کرنے کے لئے جتنی بھی سہولتیں درکار ہیں ریاستی حکومت وہ تمام فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر آج شہر میں پولیس جوانوں کو سال نوکے تحفے کے طور پر گشتی ٹو وہیلرس مہیا کرائے گئے ہیں۔ یہ بات آج وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہی۔ ودھان سودھا کے روبرو ان گشتی گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کمارس وامی نے کہاکہ نچلی سطح کے پولیس عملے کو بہتر طریقے سے کام کرنے کے لئے سہولتیں مہیا کرانے کے ساتھ انہیں اور ان کے افراد خانہ کی فلاح کی طرف توجہ کی ضرورت ہے۔ کمار سوامی نے کہاکہ پولیس فورس کی فلاح کے متعلق ریاستی حکومت کو مختلف کمیٹیوں کی رپورٹیں موصول ہوئی ہیں، حکومت ان تمام کا جائزہ لے کر سہولتوں کو سدھارنے کے ساتھ پولیس نظام کو معیاری بنانے کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر بنگلور غیر متوقع رفتار سے پھیل رہا ہے، اسی رفتار سے شہر میں جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔ ان سے نپٹنے کے لئے پولیس فورس کی تعداد میں اضافہ بھی ضروری ہوگیا ہے۔ نظم وضبط کی نگرانی کے لئے پولیس کی موجودہ تعداد کو ناکافی سمجھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کمی کو پورا کرنے کے لئے بہت جلد تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ عام شہری کی حفاظت اور نظم وضبط کی نگرانی کے لئے پولیس کو درکار انفرااسٹرکچر کا پورا انتظام حکومت کی طرف سے کیا جائے گا۔ کمار سوامی نے کہاکہ پولیس فورس کو حکومت کی طرف سے نئی ہوئسلا گاڑیاں مہیا کرائی گئی ہیں، آنے والے دنوں میں انسداد جرائم کے لئے اور بھی سہولتیں فراہم کی جائے گی۔ شہر میں رہزنی اور زیورات چھینے کی وارداتوں میں بے تحاشہ اضافے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کمار سوامی نے امید ظاہر کی کہ آج جو نئی گشتی گاڑیاں پولیس کو مہیا کرائی گئی ہیں ان کے استعمال سے رہزنوں کو روکنے کی طرف توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی یہ ذمہ داری ہے کہ شہر میں ایسا ماحول پیدا کریں کہ خواتین بے خوف وخطر شہر میں چل پھر سکیں۔ اس موقع پر مخاطب ہوکر نائب وزیراعلیٰ اور وزیر داخلہ ڈاکٹر پرمیشور نے کہا کہ ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ محکمۂ پولیس کو مستحکم کیا جائے اور فورس کوبہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ اسی مقصد کے تحت آج پولیس فورس کو911ٹو وہیلرس مہیا کرائے گئے ہیں تاکہ عام شہریوں کی حفاظت اور نظم وضبط کی نگرانی موثر طریقے سے کی جاسکے ۔ ان گاڑیوں کے استعمال سے پولیس اور بھی بہتر طریقے سے جرائم کی روک تھام کا کام انجام دے سکے گی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کمار سوامی، نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور ، رکن پارلیمان پی سی موہن ، رکن اسمبلی روشن بیگ،ڈی جی پی نیلا منی راجو، شہر کے پولیس کمشنر سنیل کمار ، وزیر اعلیٰ کے مشیر ڈاکٹر سبرامنیا وغیرہ نے نئی گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھائی۔